اسلام آباد میں پاک ترک دوستی ریڈیو میوزیم کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے اور یہ میوزیم ترکیہ کے ادارے TIKA کی مالی معاونت سے تیار کیا گیا۔
تفیصلات کے مطابق پاک ترک دوستی ریڈیو میوزیم اپنی طرز کا ایک منفرد ڈیجیٹل میوزیم ہے جسے ٹیکا نے اپنے مالی وسائل سے تیار کیا ہے اور اس کی تیاری میں سلجوق دور کے تعمیراتی ڈیزائن کواستعمال کیا گیا ہے۔۔ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے ہیڈ کوارٹر میں ترکیہ کے ادارے (TIKA) کی مالی معاونت سے میوزیم کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا۔
ترکی کے ادارے ٹیکا کے سربراہ دُرسن علی نے ٹیکا کے پاکستان میں نمائندے محسن بالجی کے ہمراہ اس میوزیم کا باقاعدہ کنٹرول ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ کے سپرد کیا۔
اس میوزیم میں نمائش کیلئے رکھی جانے والی اشیاء کے انتخاب کیلئے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں میوزیم سازی کے علم میں دسترس رکھنے والی پاکستان کی چیدہ شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق اگلے دس دنوں میں اس میوزیم میں نمائش کیلئے رکھے جانے والے آئٹمز کا تعین مکمل کرلیا جائے گا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان اس میوزیم کا باقاعدہ افتتاح کریں گے جس کے بعد اسے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا