سی ڈی اے نے اسلام آباد کے مشہور نجی ہوٹل میریٹ (Marriott) کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے قانونی خلاف ورزیوں کی بنیاد پر ایک حصہ سیل کردیا۔
سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول ٹیم کے مطابق ہوٹل کی عمارت تکمیل سرٹیفکیٹ کے بغیر ہے اور اس کا استعمال عوام کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ سی ڈی اے نے بتایا کہ میریٹ ہوٹل نے اپنی بیسمنٹ کو غیر قانونی طور پر اسٹوریج کے طور پر استعمال کیا جو کہ بلڈنگ کے اصولوں کے خلاف ہے۔
اس کے علاوہ سی ڈی اے نے ہوٹل میں غیر قانونی مارکی بھی نشاندہی کی۔
سی ڈی اے کے مطابق میریٹ ہوٹل 16 کروڑ روپے کے واجبات کا نادہندہ نکلا ہے۔ اس کے علاوہ ہوٹل نے گرین بیلٹ پر غیر قانونی طور پر کار پارکنگ بھی قائم کر رکھی تھی۔
اس حوالے سے میریٹ ہوٹل کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے تمام سیکشنز کو عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے تاہم سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ واجبات کی ادائیگی تک میریٹ ہوٹل کے حصے کو سیل رکھا جائیگا۔