بالی وڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے اپنی آنے والی فلم “ستارے زمین پر” کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے اورپہلے فلم کو دسمبر 2024 میں ریلیز کرنے کا ارادہ تھا، لیکن عامر خان نے اسے ملتوی کر کے گرمیوں 2025 میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بالی وڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے اپنی آنے والی فلم “ستارے زمین پر” کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے۔ “ستارے زمین پر” کو 2007 کی کامیاب فلم “تارے زمین پر” کا سیکوئل کہا جا رہا ہے۔ فلم اسپینش اسپورٹس کامیڈی “کامپیونیز” (2018) کا باضابطہ ری میک ہے، جس میں عامر خان کے ساتھ اداکارہ جینیلیا ڈیسوزا اہم کردار میں نظر آئیں گی۔
عامر خان اپنی فلموں کے لیے مشہور ہیں کہ وہ ان کی تکمیل کے ہر پہلو پر باریک بینی سے کام کرتے ہیں۔ فلم کی فوکس گروپ اسکریننگز 2025 کے فروری سے شروع ہونے کی توقع ہے، تاکہ کہانی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
پہلے فلم کو دسمبر 2024 میں ریلیز کرنے کا ارادہ تھا، لیکن عامر خان نے اسے ملتوی کر کے گرمیوں 2025 میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ فلم کو مکمل طور پر بہتر بنایا جا سکے۔
فلم کا آخری شوٹ اتوار کی رات ممبئی کے فلم سٹی میں ہوا۔ ہدایتکار آر ایس پراسانا کی زیر نگرانی بننے والی یہ فلم اب پوسٹ پروڈکشن کے اہم مراحل میں داخل ہوگئی ہے، جس میں ایڈیٹنگ، ویژول ایفیکٹس اور ساؤنڈ ڈیزائن شامل ہیں۔
ایک روزہ پیچ شوٹ اتوار کو دوپہر 2 بجے شروع ہوا اور دیر رات تک جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق، “عامر خان نے یہ یقینی بنایا کہ فلم کا شوٹ اتوار کو مکمل ہو جائے تاکہ اسے پوسٹ پروڈکشن میں بھیج دیا جائے۔”