بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل سے خیبر پختونخوا منتقلی کی درخواست 20 ہزار روپے جرمانے کے ساتھ خارج کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کا اپنی رپورٹ میں بتانا ہے کہ دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کو کوئی مسئلہ ہوگا تو وہ خود درخواست دے دیں گے۔
بانی پاکستان تحریک انصاف کے 3 وکلاء آج بھی عدالت میں تھے، کسی وکیل نے ایسی کوئی درخواست نہیں دی۔ اس موقع پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہاہے کہ قیدی کے اہل خانہ یا وہ خود ایسی درخواستیں دے سکتے ہیں۔
درخواست گزار قیوم خان نے کہاکہ یہ قومی مسئلہ ہے کسی کی ذات کا نہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ قومی مسائل آپ رکن اسمبلی بن کر سوچیئے گا، یہ انفرادی معاملہ ہے جس میں کوئی قومی مسئلہ نہیں۔