سینئر تجزیہ کار اور اینکر پرسن جاوید چودھری نے جنرل فیض حمید کیخلاف فیصلے اور عمران خان کے مستقبل کے حوالے سے اہم انکشافات کردیے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر انہوں نے بتایا کہ جنرل (ر) فیض حمید اس وقت فوج کی حراست میں ہیں اور جی ایچ کیو میں موجود ہیں۔ جاوید چودھری کا کہنا تھا کہ جنرل فیض حمید کو ایک الگ مقام پر رکھا گیا ہے جہاں ان کے کورٹ مارشل کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید کیخلاف تمام ثبوت اکٹھے کیے جا چکے ہیں، اور جن گواہوں سے بیانات لینے تھے وہ بھی لے لیے گئے ہیں۔ اس وقت یہ ٹرائل اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور کسی بھی وقت ان کے خلاف فیصلہ آ سکتا ہے۔
جاوید چودھری نے مزید کہا کہ جب جنرل فیض حمید کو سزا ہو جائے گی، تو ان کے ساتھیوں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں شروع ہو جائیں گی، جنہوں نے ان کی معاونت کی تھی اور جنہوں نے اس صورتحال سے فائدہ اٹھایا تھاان کا ٹرائل بھی شروع ہو جائے گا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان بھی شامل ہیں۔