اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان میں ڈالرز بھیجنے کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے صرف پانچ ماہ میں آئی ایم ایف ڈیل سے بھی زیادہ رقم وطن بھیج دی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ورکرز ترسیلات زر کا ماہانہ اور پانچ ماہ کا ڈیٹا جاری کیا ہے، جس کے مطابق نومبر 2024 میں 2.91 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔
جولائی سے نومبر تک اوورسیز پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 14.76 ارب ڈالر پاکستان بھیجے، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ نومبر میں سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جہاں مقیم پاکستانیوں نے 73 کروڑ ڈالر بھیجے۔ اس کے بعد یو اے ای سے 62 کروڑ ڈالر اور برطانیہ سے 41 کروڑ ڈالر وطن بھیجے گئے۔
رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں ترسیلات زر میں ماہانہ بنیاد پر 5 فیصد کمی آئی ہے، تاہم سالانہ بنیاد پر 29 فیصد کا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافے سے پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں آ سکتا ہے اور روپے کی قدر مزید مستحکم ہو گی۔