پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں علی امین گنڈاپور اور عاطف خان کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور عاطف خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر اور شہرام ترکئی نے علی امین گنڈاپور کو عاطف خان کو ٹیلیفون کال کرنے پر آمادہ کیا۔ علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ باہمی اختلافات پارٹی کے لیے نقصان دہ ہیں اور ان اختلافات کو مل بیٹھ کر حل کیا جانا چاہیے۔
علی امین گنڈاپور نے عاطف خان کو وزیر اعلیٰ ہاؤس آنے کی دعوت بھی دی، جس پر عاطف خان نے اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہاؤس آنے کی حامی بھر لی۔
عاطف خان نے اس رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے درمیان اختلافات حالیہ مہینوں میں میڈیا پر مختلف بیانات کی شکل میں سامنے آچکے ہیںاور دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں۔