فخر زمان کو فارم اور فٹنس مسائل کے سبب جنوبی افریقہ کیلئے منتخب نہیں کیا گیا: ہیڈ کوچ عاقب جاوید

فخر زمان کو فارم اور فٹنس  مسائل کے سبب جنوبی افریقہ  کیلئے منتخب نہیں کیا گیا: ہیڈ کوچ عاقب جاوید

قومی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے فخر زمان کو دورہ جنوبی افریقہ کیلئے اسکواڈز کا حصہ نہ بنانے کی وجہ بتا تے ہوئے کہا کہ فخر زمان کو فارم اور فٹنس مسائل کے سبب دورہِ جنوبی افریقہ کے لیے زیرِ غور نہیں لایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کیلئے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں مایہ ناز اوپنر فخر زمان سمیت چند اہم کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا۔ ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے فخر زمان کو اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی فارم اور میچ فٹنس حاصل نہیں کر سکے ہیں اس لئے ان کے نام پر غور نہیں کیا گیا۔

قومی ٹیم جنوبی افریقہ کےدورے میں 3 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ کھیلے گی اور ورک لوڈ منیجمنٹ کے باعث شاہین آفریدی صرف وائٹ بال اسکواڈ میں شامل ہیں۔ بابراعظم ، محمد رضوان، صائم ایوب ،سلمان آغا تینوں اسکواڈز میں شامل ہیں جبکہ فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

شاہین آفریدی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلر کو ریڈ بال اسکواڈ کا حصہ اس لیے نہیں بنایا گیا کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے جسمانی اور ذہنی طور پر تازہ دم رہیں۔ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ساجد خان کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن جنوبی افریقا میں فاسٹ باؤلنگ کیلئے سازگار کنڈیشنز کے پیش نظر محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *