سیکیورٹی ذرائع نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران مظاہرین کی اموات کی خبروں کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر کچھ افراد کی جانب سے یہ جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شیلنگ کے نتیجے میں کئی مظاہرین کی جانیں گئیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین کی اموات کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور یہ پروپیگنڈا صرف حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت دی کہ رات گئے پولیس اور رینجرز کے آپریشن میں کسی بھی قسم کے آتشیں اسلحے کا استعمال نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ مظاہرین کے خلاف آپریشن کے دوران پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں احتجاج منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق، بانی چیئرمین کی ملاقات اور کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد کی سڑکوں پر پرامن مظاہرین پر گولیوں کی بارش کی گئی اور سینکڑوں نہتے پاکستانیوں کو زخمی کر کے خون میں نہلا دیا گیا۔