پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وی پی این (ویریچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک) کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنا دیا ہے۔جس سے مختلف افراد اور اداروں کو کمرشل مقاصد کے لیے وی پی این استعمال کرنے کی سہولت مل رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس عمل کے تحت آئی ٹی کمپنیاں، بینک، اور فری لانسرز پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر وی پی این رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) کے ممبران بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اب تک 20,000 سے زائد کمپنیاں اور فری لانسرز وی پی این رجسٹر کروا چکے ہیں۔
رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر مفت ہے اور عام طور پر 8 سے 10 گھنٹوں میں منظوری دے دی جاتی ہے۔اس میں درخواست دہندگان کو اپنی بنیادی معلومات فراہم کرنی ہوتی ہیں، جن میں شناختی کارڈ نمبر، کمپنی رجسٹریشن کی تفصیلات، اور ٹیکس دہندہ کی حیثیت شامل ہیں۔
فری لانسرز کو اپنی پروفائل کی تصدیق کے لیے اضافی معلومات فراہم کرنی ہوتی ہیں، جیسے اپنے پروجیکٹ یا کمپنی کے ساتھ وابستگی کے ثبوت۔ اس کے علاوہ انہیں اپنے وی پی این کنیکٹیویٹی کے لیے آئی پی ایڈریس فراہم کرنا ہوتا ہے، جو کہ فکسڈ آئی پی ایڈریس کی صورت میں آئی ایس پی سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
یہ اقدام پاکستان میں انٹرنیٹ کی سکیورٹی اور پرائیویسی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کمرشل اداروں اور فری لانسرز کے لیے مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔