پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان میں بڑھتی ہوئی سموگ کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ لاہور اور ملتان میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہوگا اور دونوں شہروں میں ایک ہفتے تک تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر سرکاری ہسپتالوں میں اوپی ڈیز کا وقت رات 8 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے اور تمام ہسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے سموگ کی روک تھام کے لیے10 سالہ منصوبہ تیار کیا ہے اور اس پر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ محکمے دن رات کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت دی کہ وہ موٹر سائیکل پر ایمرجنسی کے سوا باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسکولوں میں مزید ایک ہفتے تک چھٹیاں ہوں گی اور تمام اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں میں آن لائن کلاسز کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ریسٹورینٹس کو شام 4 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے تاہم کھانا لے جانے کی اجازت رات 8 بجے تک ہوگی۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اسموگ کی روک تھام کے لیے فوری طور پر تین ماہ کے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور زگ زیگ ٹیکنالوجی پر نہ آنے والے بھٹے مسمار کیے جا رہے ہیں۔