حکومت پنجاب نے لاہور میں جمعہ اور اتوار کے دن ہیوی ٹریفک اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام اور سموگ کے تدارک کیلئے اٹھایا گیا ہے۔
پابندی کے تحت ان دو دنوں میں شہر میں کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک، لوڈر ٹریکٹر ٹرالی یا ایسی گاڑیاں جو کالا دھواں چھوڑتی ہیں یا جن کا فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں ہے، ان کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔پابندی کو مؤثر بنانے کیلئے لاہور کے 12 داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس نفری تعینات کی جائے گی، اور ان تمام راستوں پر چیکنگ کا عمل یقینی بنایا جائے گا۔
البتہ پٹرول، ادویات، خوردونوش اور مسافر گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ حکومت نے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ سموگ کے تدارک اور صاف و صحت مند ہوا کے لیے حکومتی احکامات کی پابندی کریں تاکہ ہم سب مل کر ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کر سکیں۔
عمارہ اطہر نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ پابندی کا نفاذ سو فیصد یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کیلئے تمام انتظامات مکمل ہوں گے۔