وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں حج پالیسی 2025 کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کو پیش کی جانے والی حج پالیسی کی تفصیلات میں بتایا گیا کہ آئندہ سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
پالیسی کے مطابق حج کوٹا گورنمنٹ اسکیم اور پرائیویٹ حج اسکیم میں 50 فیصد کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا۔سرکاری حج پیکج کی قیمت 10 لاکھ 65 ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان ہوگی۔
کابینہ کی منظوری کے بعد حج درخواستوں کی وصولی کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا اور بینکوں کے انتخاب کے لیے خواہش مند بینکوں سے 25 اکتوبر تک کوائف طلب کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا منظور شدہ ڈرافٹ وزارت مذہبی امور کو بھیجا جائے گا، جس کے بعد وزارت مذہبی امور حج پالیسی 2025 کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔