حکومت نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے موٹرویز پر چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کراچی سے پشاور تک 40 مقامات کی نشاندہی مکمل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ابتدائی پالیسی کے تحت ملک میں کراچی سے پشاور تک موٹرویز پر 40 کے قریب الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشن کے قیام کی منظوری دی گئی ہے جہاں 39 روپے 75 پیسے فی یونٹ کے حساب سے چارجز وصول کیے جائیں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری اور انہیں سہولیات فراہمی کے حوالے سے پالیسی ڈرافٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور اس حوالے سے قواعدوضوابط، چارجنگ اسٹیشنز کے لیے پاورٹیرف اور ملک بھر کے موٹر ویز پر ابتدائی طور پر چالیس کے قریب چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کی پالیسی شامل ہے۔
کراچی سے پشاور تک موٹرویز پر چالیس ایسے مقامات کی نشاندہی کا عمل مکمل کر لیا ہے اور اس حوالے سے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام اسٹیشنز کے درمیان کم از کم 120 کلومیٹر تک کا فاصلہ ہو تاہم یہ تمام مقامات اس وقت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی زیر ملکیت ہیں۔