خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نےکہا ہے کہ بانی تحریک انصاف عمران خان کی جلد ہو جائیں گے۔ بشریٰ بی بی کو عدالت کے حکم پر رہا کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان بھی جلد جیل سے رہا ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو جعلی مقدمات میں جیل بھیجا گیا تھا اور ان کی ضمانت عدالت نے منظور کی۔ انہوں نے اصرار کیا کہ جلد ہی عمران خان بھی جیل سے رہا ہو جائیں گے کیونکہ ان کے خلاف مقدمات بھی جعلی ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا بشریٰ بی بی کی رہائی میں کوئی یقین دہانی شامل تھی تو انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی ڈیل پر یقین نہیں رکھتے ان کی رہائی عدالتی فیصلے پر ہوئی ہے۔ مزید برآں انہوں نے پی ٹی آئی کی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اداروں یا افراد کے خلاف نہیں بلکہ ان کی پالیسیوں کے خلاف ہے اور ان میں اصلاحات چاہتی ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد پرامن، آئینی اور قانونی دائرے میں ہے۔ انہوں نے 8 فروری کے انتخابات اور 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ پی ٹی آئی کے ذرائع نے کہا ہے کہ گنڈا پور نے اپنی پارٹی کے رہنماؤں کو بشریٰ بی بی کی رہائی میں کردار ادا کرنے کے بارے میں بتایا تھا اور انہیں معلوم تھا کہ بشریٰ بی بی کو کسی اور مقدمے میں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ تاہم، یہ واضح نہیں ہو سکا کہ انہوں نے کسی قسم کی یقین دہانی کروائی یا نہیں۔