وفاقی کابینہ نے 26ویں آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے 26ویں آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں 26ویں آئینی ترمیم کے مجوزہ مسودے کی منظوری دی گئی۔ وزیرِ قانون و انصاف نے اس حوالے سے دوبارہ تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے حکومتی اتحادی جماعتوں بشمول پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور ملکی حالات کی بہتری کیلئے بہترین ہے۔

وزیراعظم نے پوری قوم کو 26ویں آئینی ترمیم کی کابینہ سے منظوری کی مبارکباد دی اور کہا کہ کابینہ نے ملکی ترقی اور عوامی فلاح کے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے ملکی وسیع تر مفاد میں یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، “اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت کے استحکام کے بعد ملک کے آئینی استحکام اور قانون کی حکمرانی کیلئے ایک سنگ میل عبور ہوا۔”

انہوں نے عوام سے کیے گئے اپنے وعدے کے مطابق ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے محنت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے سربراہاں کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ داخلہ محسن رضا نقوی، مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی کوششوں کو سراہا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *