پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر کی جانب سے قومی ترانے کی بے حرمتی پر افغان قونصلیٹ نے وضاحتی بیان جاری کردیا۔
ترجمان افغان قونصلیٹ پشاور شاہد اللہ نے وضاحت کی کہ پاکستانی ترانے کی بے حرمتی یا بے توقیری کا مقصد ہرگز نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ترانے میں میوزک کی موجودگی کی وجہ سے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے اور افغان قونصلیٹ نے اپنے قومی ترانے پر بھی میوزک کی وجہ سے پابندی لگا رکھی ہے۔
مزید پڑھیں: قومی ترانے کی بے حرمتی کرنے والے افغان عہدے دارمحب اللہ شاکر کی دستاویزات نامکمل ہونے کا انکشاف
شاہد اللہ نے مزید وضاحت کی کہ اگر ترانہ بغیر میوزک یا بچوں کی جانب سے پیش کیا جاتا تو قونصل جنرل لازمی کھڑے ہوتے اور سینے پر ہاتھ بھی رکھتے۔ انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ پاکستان یا قومی ترانے کی توہین کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
خیال رہے کہ قومی رحمت للعالمین ﷺ کانفرنس کے دوران قومی ترانہ شروع ہوتے ہی تمام شرکا احتراماً کھڑے ہوگئے مگر افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر اور ان کے ساتھی اس وقت احتراماً کھڑے نہیں ہوئے۔ دوسری جانب سرکاری ذرائع کے مطابق افغان ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ دینے کے لیے دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا ہے۔