بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران تقریباً 5 ڈالر فی بیرل کی کمی آئی۔
اس کے ساتھ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔ اسی طرح پاکستان میں بھی پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 10 سے 11 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: ملک میں تیل کی غیر قانونی فروخت : اوگرا نے متعلقہ حکام کیساتھ اجلاس طلب کر لیا
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی اوسط قیمت 81 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 76 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آ گئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 88.5 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر تقریباً 83 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ پندرہ دنوں کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر درآمدی پریمیم 8.5 اور 5 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا ہے اور کرنسی ایکسچینج ریٹ بھی مستحکم ہے۔
واضح رہے کہ یکم ستمبر سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 1 روپے 86 پیسے اور 3 روپے 32 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی تھی۔