ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں 475 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے ہیں۔ ان آپریشنز کے دوران 33 دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ کارروائیاں لاہور، گجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، ننکانہ صاحب، حافظ آباد، رحیم یار خان، اور بکھر میں کی گئیں۔ لاہور سے جماعت الحرار کے ایک خطرناک دہشت گرد کو بھی گرفتار کیا گیا۔
دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، دھماکہ خیز جیکٹ، دو ہینڈ گرنیڈ، 26 ڈیٹونیٹرز، 73 فٹ حفاظتی فیوز وائر، گولیاں، اسلحہ، موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔
گرفتار شدہ دہشت گردوں کی شناخت خبیب احمد، سیف اللہ، ظہیر احمد، احمد، حافظ مطلوب، اور حمزہ جاوید کے نام سے کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق، یہ دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کرکے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔
رواں ہفتے میں 3674 کومبنگ آپریشنز کے دوران 1431 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ 186331 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ سی ٹی ڈی پنجاب محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔