اگست کے مہینے میں کراچی میں زیادہ بارشوں کی پیشنگوئی کر دی گئی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق 16 سے 23 جولائی کے دوران درجہ حرارت 5 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہا۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی کے مہینے میں کراچی میں 2 ہی مون سون اسپیل کراچی پر اثر انداز ہوئے۔ 2 اسپیلز میں سرجانی ٹائون میں 100 ملی میٹر کے قریب بارش ہوئی تاہم پورے شہر میں یکساں بارش نہ ہوسکی۔
مزید پڑھیں: 30 اور 31جولائی کے دوران شدید بارشوں سے جنوبی پنجاب، کراچی، زیریں سندھ میں طغیانی کا خدشہ
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج دوپہر تک اچھی بارش کا امکان ہے تاہم رات گئے تک یہ سسٹم سندھ سے نکل جائے گا جبکہ 4 اگست سے مشرقی سندھ سے شدت کی مون سون ہوائیں داخل ہوں گی، جس کے سبب 4 سے 6 اگست کے دوران سندھ کے بیشتر مقامات پر تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے، اس دوران کراچی میں بھی اچھی بارش کی توقع کی جارہی ہے۔
دوسری جانب شدید بارشوں /آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے ، کمزور انفرا سٹرکچر ( کچے گھر/دیواریں ،بجلی کے کھمبے،بل بورڈز،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے۔
اس کے علاوہ مسافروں اور سیاح حضرات سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے موسم کے باری میں آگاہی حاصل کریں۔