چیئر مین فنانس کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ بجلی فی یونٹ 100 روپے تک پہنچ جائے گی ۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی فنانس کمیٹی کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز)کا مسئلہ گزشتہ 10،20سال سے موجود ہے اور کسی نے بھی اس کو سنجیدہ نہیں لیا، جب تک اس کا اسٹرکچر اور طریقہ کاردرست نہیں ہو گا تب تک توانائی کا مسئلہ حل ہونے والا نہیں ۔
بلکہ مزید بدتر ہو جائے گا اور بجلی فی یونٹ 100روپے تک پہنچ جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز سے بڑا مسئلہ بجلی چوری کا ہے ۔ جتنی بجلی ملک میں بنائی جاتی ہےاتنی اس کی قیمت آپ وصول ہی نہیں کر پاتے ۔ آئی پی پیز تو بعد کی بات ہے۔ سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ آپ بلاوجہ آگے چلے گئے پہلے جو حل طلب مسئلہ ہے اسے تو حل کیا جائے ۔
یہ بھی پڑھیں:آئی پی پیز معاہدوں سے متعلق وفاقی وزیر اویس لغاری کا بڑا بیان آگیا
ان کے مطابق پورے پاور سیکٹر کو ری فارم کرنے سے ہی مسئلہ حل ہو گا ، پاور سیکٹر صحیح کرنا حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے ۔ آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ ہو رہاہے نہ ٹیکنیکل آڈٹ ہو رہا ہے ان کے پلانٹس کو چیک نہیں کیا جارہاہے ۔ یہ سب چیزیں ہماری کرنے والی ہیں جو نہیں کی جا رہیں کیونکہ یہ سب ملے ہوئے ہیں ، 48 گھنٹوں میں 341 ارب روپے کی ادائیگی ہوئی ہے۔