ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن نے پیشگوئی کی ہے کہ مستقبل میں پاکستان عالمی طاقتوں میں شامل ہوگا۔
رومانیہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم ہنگری کا کہنا تھا کہ عالمی نظام تبدیلی کی طرف جا رہا ہے، جو ایشیاء سے شروع ہونے والا عمل ہے، مستقبل میں عالمی طاقت مغرب سے مشرق اور روس کی طرف منتقل ہوجائے گی، اگلی کئی دہائیوں شاید صدیوں میں ایشیاء دنیا کا غالب مرکز ہوگا۔
وزیراعظم وکٹر اوربن نے کہا کہ چین، بھارت، پاکستان، انڈونیشیا دنیا کی بڑی عالمی طاقتیں ہوں گی ، سابقہ عالمی نظام کی تبدیلی بھی 500 برسوں پر محیط رہی ہے، مغرب کی توقعات کے برعکس اب ہر کوئی روس کی حمایت کر رہا ہے، چین، شمالی کوریا کے ساتھ اب ایران، بھارت کے بھی روس سے اچھے تعلقات ہیں، نیٹو کا رکن ہونے کے باوجود ترکیہ بھی روس کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا بھی اب روس کو دشمن کے بجائے اتحادی سمجھتی ہے، آج دنیا کا بڑا مسئلہ مغرب کی کمزوری، ٹوٹ پھوٹ ہے، جو مغربی میڈیا نہیں بتاتا، مغربی میڈیا کا دنیا کا بڑا خطرہ روس اور اس سے لاحق خطرات کو قرار دینا غلطی ہے۔
وزیراعظم ہنگری نے مزید کہا کہ روس کی قیادت اپنے ملک کے مفاد میں منطقی لحاظ سے چلتی ہے، مغرب کا رویہ حقیقی اور حالات کو سنبھالنے والا نہیں ہے، اب وقت امن کی سیاست کا ہے، یوکرینیوں کو بھی یہ بات سمجھ آگئی ہے، یورپ کو بھی اب ہوش سے کام لینے کی ضروت ہے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یورپ نے امریکا میں ٹرمپ کے آنے سے پہلے امن پالیسی نہیں اپنائی تو بعد میں ساری ذمہ داری یورپ پر ہی ہوگی۔