بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ایک بار پھر 9 مئی واقعات سے اظہار لاتعلقی کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی ٹیرارزم کورٹ (اے ٹی سی) لاہور کے جج کو ویڈیو لنک پر بیان دیتے ہوئےبانی پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں نے صرف پر امن احتجاج کی کال دی تھی ، حملہ میرے گھر پر ہوا۔
بانی پی ٹی آئی کا عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہنا تھا کہ سانحہ 9مئی میں نے نہیں کروایا ۔ ان واقعات سے میرا کوئی لینا دینا نہیں ۔ وزیرآباد میں مجھ پرحملہ ہوا ، میری حکومت ہونے کے باوجود میری مرضی پر ایف آئی آر تک درج نہیں کی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ سے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج غائب کی گئی، میرے گھر میں حملہ کیا گیا، میں نے پرامن احتجاج کا کہا تھا، 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کےلیے میں نے سپریم کورٹ میں درخواست دی ہے۔
چیف جسٹس کو یاد دہانی کروائی ہے ہماری درخواست پر سماعت کریں۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیلوں کا واٹس ایپ ویڈیو کال پر بیان دلوانے کو چیلنج کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس کا نوٹیفکیشن نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:عمر ڈار نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے مانوس ہونیوالی بلی کے اغوا کا انکشاف کر دیا
عدالت حکومت کو ہدایت کرے کہ بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کی جگہ ذاتی طور پر عدالت پیش کیا جائے۔ انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف کا 9 مئی کے 12 مقدمات میں 10 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔