پشاور پولیس نے محکمے کے افسران اور اہلکاروں پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے افسران اور اہلکاروں کی ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد کردی۔ ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے اس حوالے سےمراسلہ جاری کردیا ہے۔ ٹک ٹاک ویڈیوز سے پولیس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ اگر ان احکامات کی خلاف ورزی کی گئی تو افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
حکمنامے میں لکھا گیا ہے کہ تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کو سختی سے ہدایات کی جاتی ہیں کہ آئندہ کیلئے کوئی بھی پولیس افسر کسی قسم کی ٹک ٹاک ویڈیو نہیں بنائے گاا ور نہ ہی کسی قسم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شئیر کی جائیگی۔ خواہ اس کا تعلق کسی قسم کی برآمدگی سے ہی کیوں نہ ہو۔ کیونکہ اکثر اوقات اس قسم کی ویڈیوز سے پولیس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور محکمہ کی ساکھ پر بُرا اثر پڑتا ہے۔ لہذا ہر قسم کی ویڈیوز پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔ حکم عدولی یا خلاف ورزی کے مرتکب پولیس افسران اور اہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔