اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک رفح شہر میں داخل ہو گئیں

اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک رفح شہر میں داخل ہو گئیں

اسرائیلی فوج نے غزہ میں فوجی کارروائی شروع کردی ہے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس نے ٹائمز آف اسرائیل کے حوالے سے بتایا کہ منگل کی صبح اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک رفح شہر میں داخل ہوگئے ہیں۔

قبل ازیں اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ وہ رفح کے مشرقی حصے میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ پیر اور منگل کی درمیانی رات رفح میں اسرائیلی فوجی کارروائی کے دوران کم از کم 12 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ علازہ ازیں مصری ٹی وی چینلز کی رپورٹس کے مطابق غزہ اور مصر کی سرحد پر رفح کراسنگ سے فوٹیج میں گولیوں اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔تاس کے مطابق مغربی کنارے میں بھی جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

سعودی اخبار اردو نیوز کے مطابق فلسطینی اور مصری حکام نے کہا ہے کہ اسرائیلی ٹینک غزہ کے جنوبی قصبے رفح میں داخل ہو گئے ہیں۔امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایک مصری اہلکار نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آپریشن کا دائرہ محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکام نے مصر کو مطلع کیا کہ وہ فوجی آپریشن مکمل کرنے کے بعد واپس چلے جائیں گےجبکہ اسرائیلی فوج نے اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے پیر کو شمالی غزہ میں دو ریزرو فوجی افسران کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے جن کا تعلق اسرائیلی فوج کی 6551ویں بٹالین کے 551ویں بریگیڈ سے تھا ۔ دونوں کی عمریں 31 سال تھیں اور دونوں اسرائیلی فوج میں میجر تھے۔ اس سے قبل اتوار کو کریم شالوم بارڈر کراسنگ کے قریب راکٹ حملے میں چار اسرائیلی فوجی مارے گئے تھے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *