پی ٹی آئی کے قائدین و کارکنوں کے خلاف 9 مئی کے واقعات کے بعد جھوٹے مقدمات بناکر انہیں پابند سلاسل کیا گیا، پی ٹی آئی رہنما فرخ جاوید مون کا بیان آگیا۔
پاکستان تحریک ا صاف کے مرکزی رہنما ممبر پنجاب اسمبلی فرخ جاوید مون نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کسی صورت ملک چھوڑ کر نہیں جائینگے، بانی پی ٹی آئی پاکستان کے بہتر مستقبل اور ملکی خوشحالی کیلئے جیل کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں،فارم 47والے نااہل حکمران عوام کی جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں ۔ اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے قائدین و کارکنوں کے خلاف 9 مئی کے واقعات کے بعد جھوٹے مقدمات بناکر انہیں پابند سلاسل کیا گیا ہے لیکن عام انتخابات میں عوام نے بانی پی ٹی آئی کی کال پر لبیک کہتے ہوئے گھروں سے نکل کر پی ٹی آئی امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے صبرو تحمل کی نئی مثال قا ئم کردی ہے کہ وہ ملک کے سا تھ مخلص ہیں ان شا ء اللہ وہ کسی سے ڈیل نہیں کر یں گے اور نہ ہی بیرون ملک جا ئیں گے۔
مزید پڑھیں: 9مئی والوں سے اب مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کا اختیار دیا ہے لیکن ابھی تک اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، فی الوقت کسی سے ڈیل یا مذاکرات کی کوئی بات بھی نہیں چل رہے۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پچیس کروڑ عوام کیلئے جیل میں بیٹھے ہیں ان کا عالمی سطح پر ایک ممتاز مقام ہے اور بانی پی ٹی آئی کے جذبے میں بھی کوئی کمی نہیں آئی۔ انہوں ںے کہا کہ ہماری خواتین گزشتہ ایک سال سے جیلوں میں ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اپنے اوپر قائم مقدمات کا سامنا کریں گے، آٹھ فروری کو عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔ متعلقہ اداروں سے گزارش ہے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو واپس کریں۔