پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ 9مئی کے واقعات فالس فلیگ آپریشن ہیں ان کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل وزیر کا فیصل آباد میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہناتھاکہ 9 مئی کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 2024کے شفاف انتخابات کی طرح 9 مئی کی تحقیقات بھی ملک کی اہم ضرورت ہے ، ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن کا مقصد پاکستان تحریک انصاف کو کچلنا تھا۔ رہنما پی ٹی آئی زرتاج گل وزیرکا کہنا تھا کہ دھاندلی کرکے فارم 47 کی بنیاد پر ایک جعلی حکومت بٹھائی گئی ہے۔جو ہمیں کسی صورت بھی قبول نہیں ۔ زرتاج گل وزیر نے کہا کہ جب تک 9مئی کے واقعات میں اصل مجرموں کو نہیں پکڑا جائے گا اس طرح ہم سب کو سز املتی رہے گی۔
خان صاحب، ان کی بیگم اور ورکرز کو سزا ملتی رہے گی ۔ اگر یہ سزا ختم کرنی ہے اگر آپ نے پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اس کے لئے صحیح تفتیش ہوتو اپنے حق کے لئے آواز اٹھاؤ ، اپنے لیڈر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لئے آواز اٹھاؤ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں ۔ بانی پی ٹی آئی عمران کے حکم پر ہم عدالت میں پیش ہو رہے ہیں ۔ حالانکہ 9مئی کے واقعات کا ہم سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں 9 مئی کے واقعات کے دوران ڈیرہ غازی خان کے اندر موجود تھی۔ زرتاج گل نے کہا کہ یہ جتنے مقدمات درج کروا لیں ۔ میں عمران خان کے ساتھ تھی اور ہمیشہ رہوں گی۔