پیپلزپارٹی رہنما فیصل کریم کنڈی نے بطور گورنر خیبرپختونخوا عہدے کا حلف اُٹھا لیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما فیصل کریم کنڈی نے گورنر خیبرپختونخوا کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا۔فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا کے چالیسویں گورنر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھایا۔فیصل کریم کنڈی سے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے حلف لیا۔گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور پی پی پی کی مرکزی قیادت نے شرکت کی،راجہ پرویز اشرف، نئیر بخاری، ندیم افضل چن اور انجینئر امیر مقام نے بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔
فیصل کریم کنڈی کون ہیں؟
24 مئی 1975 کو پیدا ہونے والے فیصل کریم کنڈی نے ابتدائی تعلیم کراچی کے سینٹ پیٹر سکول سے حاصل کی۔ میٹرک سینٹ ہیلن ہائی سکول ڈیرہ اسماعیل خان اور بیچلر ڈگری پنجاب یونیورسٹی لاہور سے حاصل کی۔انہوں نے لندن کے تھامس ویلی کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصلی کی اور 2001 کے بلدیاتی انتخابات سے اپنی عملی سیاست کاآغاز کیا۔فیصل کنڈی 2008 کے عام انتخابات میں مولانا فضل الرحمان کو شکست دیکر ایم این اے منتخب ہوئے۔ 19 مارچ 2008 کو جب انہیں قومی اسمبلی کا 17 واں ڈپٹی سپیکر تعینات کیا گیا تو اس وقت ان کی عمر 33 سال تھی اور وانہوں نے کم عمر ترین ڈپٹی سپیکر کا اعزاز حاصل کیا۔انہیں 2022 میں وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ کی وزارت میں اپنا معاون خصوصی بنایا ۔ فیصل کریم کنڈی گزشتہ کئی سالوں سے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات کے طور پر کام کررہے ہیںاور انہوں نے میڈیا پر پارٹی موقف کی بھرپور اور جاندار انداز سے ترجمانی کی۔ انہیں انکی شرافت، بردباری، تحمل اور اعلی اخلاقی اقدار کی بنیاد پر میڈیا کے حلقوں میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔