پی ٹی اے نے نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کی تجویز مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نےنان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے کی ایف بی آر کی تجویز کی مخالفت کر دی ہے۔ پی ٹی اے نے ایف بی آر کو خط لکھ کر کہا کہ وہ قانونی طور پر سمیں بندکرنے کے حکم پر عمل کرنے کے پابند نہیں اور سمزبلاک کرنے کا عمل ہمارے فریم ورک سے مطابقت نہیں رکھتاہے۔ پی ٹی اے نے اپنے خط میں کہا پاکستان میں صرف 27 فیصد خواتین اپنے نام پر نکالی گئی موبائل سمزاستعمال کرتی ہیں اور باقی خواتین اور بچے خاندان کے مرد حضرات کے نام پر سمز استعمال کرر رہے ہیں۔ پی ٹی اےنے اپنے خط میں یہ بھی لکھاکہ موبائل سم بند کرنے سے ای کامرس اور ٹرانزیکشز کا عمل بھی متاثر ہوگا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ایف بی آر کی جانب سے سم بند کرنے کی درخواست کو مسترد کرکے کوئی اور لاحہ عمل پیش کرنے کی تجویز دی ہے۔
یاد رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے نان ٹیکس فائلرز کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان کی سم بلاک کرنے کا حکم جاری کردیا۔ ایف بی آر نے انکم ٹیکس کا اہل ہونے کے باوجود ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ٹیکس ادا اور فائل نہ کرنے والوں کی سم بلاک کردی جائے گی اور اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 5 لاکھ 6 ہزار 671 نان ٹیکس فائلرز کا ڈیٹا جاری کردیا۔ایف بی آر نے یہ احکامات انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی شق 114 بی کے تحت جاری کیے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کے اقدامات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ٹیکس فائل نہ کرنے والے نان فائلرز کی حتمی فہرست مرتب کرنے کا آغاز کردیا تھا۔