محکمہ ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی شرح میں غیر معمولی کمی کا دعویٰ کر دیا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ مہنگائی میں اضافے کی شرح 17.3فیصد رہی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزیز کمی کا اشارہ دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں۔ 16ماہ میں جو محنت کی نگران حکومت نے اسے جاری رکھا اور یہ اسی کے ثمرات ہیں۔مہنگائی کی شرح 39فیصدسے 20فیصد اور اب 17فیصدپر آچکی ہے۔ مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے، اللہ تعالی کے فضل وکرم سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا کیونکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خورد و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی، سرتوڑ کوشش کررہے ہیں کہ عوام کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی
واضح رہے کہ اس سے پہلے عالمی بینک اور آئی ایم ایف نے پیش گوئی کی تھی کہ پاکستان میں رواں برس مہنگائی کی شرح 20 فیصد سے زائد رہے گی جب کہ 2025 میں یہ شرح کم ہوکر 15 فیصد پر آئے گی۔ گزشتہ ماہ کے آغاز میں عالمی بینک نے آئندہ سال مہنگائی میں کمی کی پیش گوئی کی تھی۔عالمی بینک نے رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 26 فیصد جبکہ مالی سال 2025 میں15 فیصد تک اور مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح 11.5 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔