اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تعیناتی کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تعیناتی کا نوٹیفکیشن سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ عدالت میں نوٹیفکیشن چیلنج کرنے کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کل درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست طارق منصور ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں وزیر خارجہ کو ڈپٹی وزیر اعظم بنانے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں وفاقی کابینہ، پرائم منسٹر سیکریٹریٹ، پرنسپل سیکریٹری ایوان صدر اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آئین و قانون سمیت رولز میں ڈپٹی وزیر اعظم کا کوئی عہدہ نہیں، اسحاق ڈار کی تقرری کو کالعدم قرار دیا جائے۔
مزید پڑھیں: رانا ثنا اللہ کو وزیراعظم کا مشیر برائے سیاسی امور مقرر کر دیا گیا
یاد رہے کہ گزشتہ اتوارکو وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کیا گیا تھا۔ اسحاق ڈار کے پاس اس وقت وفاقی وزیر خارجہ کا قلمدان بھی ہے جبکہ ان کی بطور نائب وزیر اعظم تقرری کا نوٹیفیکیشن سیکریٹری کابینہ نے جاری کیا تھا۔ واضح رہے کہ نائب وزیر اعظم کے عہدے کا آئین پاکستان کی کسی شق میں ذکر نہیں ہے۔ دنیا میں تقریباً ایک درجن ملک ایسے ہیں جہاں نائب وزیر اعظم کا عہدہ موجود ہے۔ ان ممالک میں آسٹریا، انڈیا، فن لینڈ، کینیڈا، ملائیشیا، نیپال۔ نیوزی لینڈ، نیدر لینڈ، جنوبی کوریا، سپین اور برطانیہ شامل ہیں۔کسی ملک کا نائب وزیر اعظم، ڈپٹی وزیراعظم ایک حکومتی وزیر ہی ہوتا ہے، جو وزیر اعظم کے عارضی طور پر ملک سے غیر حاضر ہونے پر قائم مقام وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال سکتا ہے۔ پاکستان میں نائب وزیر اعظم کے علاوہ وفاقی یا صوبائی حکومتوں میں اسی طریقے سے سینیئر وزیر بھی مقرر کیے جاتے ہیں۔