پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں ڈیڈ لاک ختم

پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں ڈیڈ لاک ختم

صدر مملکت آصف علی زرداری کی کوششوں سے متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیو ایم) پاکستان اور پیپلز پارٹی کے درمیان ڈیڈ لاک ختم ہوگیا۔

دونوں پارٹیوں کا صوبہ کے لئے آپس میں مل کر چلنے پر اتفاق ہو گیا ۔ ایم کیو ایم کے وفد نے صدرآصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان جو ڈیڈ لاک تھا و ہ ختم کر دیا ہے ۔ صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کے وفد نے سندھ حکومت کی شکایتوں کے انبار لگا دئیے۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ سندھ کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے تحفظات دور کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں اور سندھ حکومت اور ایم کیوایم کے رہنماؤں کی ایک ملاقات جلد وزیراعلیٰ ہاؤس میں بھی متوقع ہے ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان صوبہ کی بہتری اور امن و امان کے لئے مل کر ساتھ چلنے پر اتفاق بھی ہوا ہے۔ ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق ایم کیوایم اورپاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان جو ڈیڈ لاک تھا وہ ختم ہو گیا ہے اور پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رویئے کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ نے حکمت عملی تبدیل کی ہے۔

متحدہ وفد کی دوبارہ صدر منتخب ہونے پر آصف زرداری کو مبارکباد
ایم کیو ایم کے وفد نے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں صدر آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی اور انہیں دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی جس پر آصف علی زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے، متحدہ قومی موومنٹ کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور سید مصطفیٰ کمال شامل تھے۔ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نےصدر مملکت سے شہر میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا اور سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لانے کا مطالبہ کیا۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی کے درمیان ڈیڈ لاک ختم ہوگیا اور دونوں جماعتوں میں قربت بڑھنے لگی ہے ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *