بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے قرض معاہدے کے تحت اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں 1.1 ارب ڈالر منتقل کرد ئیے۔
مرکزی بینک نے رقم وصولی کی تصدیق کردی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے تحت ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط موصول ہوگئی۔ مرکزی بینک کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت دوسرا جائزہ مکمل کرلیا۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی
پاکستان کے مرکزی بینک کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے بینک کے اکاؤنٹ میں 828 ملین ایس ڈی آر یا تقریباً 1.1 ارب ڈالر موصول ہو گئے ۔ بیان کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں یہ رقم تین مئی 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ظاہر ہو گی۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پیر کو واشنگٹن میں سٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کے تحت پاکستان کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی تھی۔