متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر طوفانی بارشوں کی پیشنگوئی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اماراتی محکمہ موسمیات نے بدھ کی شام سے جمعرات تک شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ متحدہ عرب امارات بحیرہ احمر سے سطحی کم دباؤ کی توسیع سے متاثر ہے، مرطوب جنوب مشرقی ہوائیں بھی عرب امارات کے موسم پراثرانداز ہوں گی۔ اماراتی محکمہ موسمیات کے نمائندے کا کہنا ہے کہ گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے جب کہ کچھ جگہ اولے بھی پڑسکتے ہیں، اس دوران تیز ہواؤں کی رفتار 65 کلومیٹر کی فی گھنٹہ تک جاسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان اور خیبرپختونخوا :بارشوں سے مختلف حادثات میں 27 افراد جاں بحق، 33 زخمی
یاد رہے کہ دو ہفتے قبل متحدہ عرب امارات میں بارشوں کی وجہ سے آنے والے شدید سیلاب کے نتیجے میں21افراد ہلاک ہو ئے تھے۔متحدہ عرب امارات میں عام طور پر یہاں کے خشک صحرائی آب و ہوا کی وجہ سے بہت کم بارشیں ہوتی ہے۔تاہم زیادہ بارش نے دبئی کو 24 گھنٹوں میں جھیلوں کے شہر میں تبدیل کر دیا تھا۔ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک سال میں اوسطاً 94.7 ملی میٹر (3.73 انچ) بارش ہوتی ہے۔ دبئی کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں اور بھی زیادہ بارش ہوئی۔حالیہ دنوں میں پڑوسی ملک عمان میں بھی شدید سیلاب آیا تھا۔