فواد چوہدری سمیت تحریک انصاف چھوڑنے والے رہنمائوں کی پارٹی میں واپسی کا معاملہ عمران خان کی رہائی تک موخر کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں مشکل وقت میں پارٹی چھوڑنے والے پی ٹی آئی رہنمائوں کی واپسی سے متعلق فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کی رہائی تک اس معاملے میں کوئی پیشرفت ممکن نہیں۔ عمران خان رہائی کے بعد خود ہی فیصلہ کریں گے کہ کس کو پارٹی میں واپس لینا ہے اور کس کو نہیں۔ اس سے پہلے خبر گردش کر رہی تھی کہ فواد چوہدری سمیت کچھ رہنما تحریک انصاف میں واپسی کیلئے تیار ہیں۔ فواد چوہدری کی اسی حوالے سے جلد عمران خان سے ملاقات بھی متوقع تھی ۔تاہم پارٹی ترجمان رئوف حسن نے فواد چوہدری کی پارٹی میں واپسی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے سےمشکل وقت میں پارٹی کیساتھ کھڑے رہنے والوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ تاہم رئوف حسن نے کہا کہ کسی کو پارٹی میں واپس لینے کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے اور ان کا فیصلہ ہی حتمی مانا جائیگا۔
مزید پڑھیں: فواد چوہدری سمیت کئی رہنمائوں کی تحریک انصاف میں جلد واپسی کا امکان
کورکمیٹی اجلاس میں تنظیمی معاملات، ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، سیاسی حکمتِ عملی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں ملک گیر پرامن احتجاجی تحریک کی تیاریوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کورکمیٹی کی جانب سے پنجاب میں کسانوں کے معاشی قتل، گندم کی فصل کے ضیاع اور پرامن احتجاج کیلئے نکلنے والے کسانوں کیخلاف طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کی گئی۔ جبکہ عمران خان کی منظوری سے مسلم لیگ نواز، پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں سے سیاسی اشتراکِ عمل کے آپشنز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔