یوم مزدور کے موقع پر پنجاب بھر میں سرکاری اور نجی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق یکم مئی کو صوبے بھر میں تمام سرکاری اور نجی دفاتر بند رہیں گے، تقاریب میں مزدوروں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر بدھ کے روز اردو بازار اور ملحقہ مارکیٹیںبھی بند رہیں گی ۔ سول سیکرٹریٹ انتظامیہ کے مطابق پنجاب سول سیکرٹریٹ کے تمام ادارے ،دفاتر اورتعلیمی ادارے یکم مئی کو بند ہوں گے، یکم مئی کو گزیٹیڈ عام تعطیل ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان سے ملاقات کا کوئی پروگرام نہیں، مولانا فضل الرحمٰن
اس سے پہلے حکومت سندھ نے بھی یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر صوبے میں چھٹی کا اعلان کیا تھا۔ سندھ حکومت نے یکم مئی کو یومِ مزدور کے موقع پر صوبے میں تعطیل کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم مئی بروز بدھ صوبے میں تمام سرکاری اور نجی دفاتر بند رہیں گے، تقاریب میں مزدوروں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
مزدور ڈے کی تاریخ
یکم مئی 1886کے روز امریکا کے شہر شکاگو میں مزدور،سرمایہ داروں اور صنعتکاروں کی جانب سے استحصال کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے تھے لیکن پولیس کی جانب سے مزدوروں پر فائرنگ کی گئی اور سینکڑوں مزدوروں کو ہلاک کر دیا جبکہ درجنوں مزدوروں کو اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے پر پھانسی دی گئی۔ان محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دنیا کے بیشتر ممالک میں یکم مئی کو محنت کشوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔یکم مئی کو ہر سال یہ دن اس عہد کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ مزدوروں کے معاشی حالات تبدیل کرنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔پاکستان میں قومی سطح پر یوم مزدور منانے کا آغاز 1973 میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں ہوا، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات، سیمینارز،کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔