وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور عمرا ن خان ڈیل کا علم نہیں ہے، غیر قانونی طور پر جاری ہونےوالے کالے شیشوں کے تمام پرمٹ منسوخ کر رہے ہیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس آج سے ملک بھر کے کسی بھی حصے کے رہائشی کا اسلام آباد سے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کرے گی، وفاقی دارالحکومت کے رہائشی 70 سال سے زائد عمر کے لوگوں کا لائسنس ان کے گھر جاکربنایا جائےگا، پاسپورٹ کے اجرامیں تاخیر کی مختلف وجوہات ہیں، پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام کا حامی ہوں ، جلد وزارت داخلہ اس حوالے سے قانون سازی کے لئے ڈرافٹ سے متعلق وفاقی کابینہ کو آگاہ کرے گی۔ وہ پیر کو ایف نائن پارک میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے موبائل لائسنس و لرننگ وینز ، ٹریفک پولیس ایجوکیشن سروس کے اجراک ے موقع پر صحافیوں سے گفتگوکررہے تھے۔
آئی جی اسلام آباد ناصر رضوی ، ایس ایس پی ٹریفک اور دیگر پولیس حکام اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے ٹریفک پولیس کی جانب سے شروع کی گئی دونوں سروسز کا باقاعدہ افتتاح کیا اور موبائل وین کا بھی معائنہ کیا۔ آئی جی اسلام آباد نے وفاقی وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے۔ آج ہم کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبا کو ان کی تعلیمی اداروں میں جا کر لرنر اور لائسنس کے اجرا اور تجدید کی سہولت فراہم کرنے کی سروس کا باقاعدہ آغاز کررہے ہیں۔ اس سروس کا مقصد طلبا و طالبات کا وقت ٹریفک دفتروں میں آنے جانے اور قطاروں میں لگ کر ضائع ہونے سے بچانا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آج سے اسلام آباد ٹریفک پولیس 70 سے زائد بزرگوں کے گھر جا کر لائسنس بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک جام کی صورتحال سے بھی آگاہ ہوں ، اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے کچھ منصوبے جلد شروع کرنے جا رہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو منشیات اور تجاوزات سے پاک کرنے کا کام شروع کر دیاگیا ہے۔ تجاوزات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ پر بھی اسلام آباد میں من و عن عمل کریں گے۔ کسی کوبھی تجاوزات نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہدا کےاہل خانوں اور پولیس کی ویلفیئر بھی میری ترجیحات میں شامل ہیں۔ تین ماہ میں اسلام آبادکے تمام تھانوں کی صورتحال یکسر تبدیل کرکے دکھائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں پولیس تعلیمی اداروں سمیت اسلام آباد کے کونے کونے میں منشیات کے استعمال کے خلاف کاروائی عمل میں لا رہی ہے۔ پولیس منشیات سمگل کرنے والوں کو بھی پکڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح میں نے لاہور میں پاسپورٹ آفس کادورہ کیا جہاں پر شہریوں کے شکایات کے انبار لگا دیئے جس پر پاسپورٹ آفس کی پوری ٹیم کو تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد احسن طریقے سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پولیس کا محکمہ جوائن کرنےوالوں کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ یہ 24 گھنٹے کی نوکری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام کمرشل علاقوں میں پارکنگ کی سہولت کو یقینی بنائیں گے۔ جن تجارتی مراکز میں پارکنگ نہیں ہے ، ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے کالے شیشوں کے پرمٹ کے اجرا پر پابندی ہے اس کے باوجود جتنے بھی پرمٹ جاری ہوئے ہیں ان کو منسوخ کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کی ڈیل کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے، جو یہ کہہ رہے ہیں کہ آرمی چیف سے ہی بات کرنی ہے ، انہی سے تفصیلات معلوم کی جائیں ۔
ای سی ایل کمیٹی کی سفارش پر جو نام نکالے گئے ہیں وہ معمول کی کارروائی ہے۔ اسے کسی چیز سے منسلک نہ کیاجائے۔ انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کوہدایت کی کہ آج سے اسلام آباد میں موجود ملک کے کسی علاقے کے شہری کو لائسنس جاری کئے جائیں۔ کسی کو اسلام آباد سے باہر عارضی یا مستقل پتہ ہونے پر واپس نہ بھیجا جائے۔