پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ آئین میں گنجائش نہیں لیکن پھر بھی مسلم لیگ ن میں عہدوں کی بندر بانٹ ہو رہی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار اس لیے کمیٹیوں کے سربراہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ناکام کرنے کیلئے بنے ، فیصل واووڈا
بیرسٹر سیف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شریف خاندان میں عہدوں کی بندر بانٹ کا سلسلہ جاری ہے،اسحاق ڈار کی تعیناتی پر انہوں نے کہا کہ آئین میں ڈپٹی وزیراعظم کے عہدے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم مقرر کیاہے،ہمارے دور میں بھی پرویز الہی ڈپٹی وزیراعظم رہے ہیں۔ اسحق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تعیناتی پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لیا گیا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم بنانے کا فیصلہ شہباز شریف نے کیا، سینیٹر طلال چوہدری
دوسری جانب سینیئر سیاستدان اور سینیٹر فیصل واوڈا کا اسحاق ڈار کے نائب وزیراعظم بننے پر کہنا تھا کہ حکومت میں ڈسٹربنس موڈ آن ہو چکا ہےاور اسی لیے ڈپٹی وزیراعظم کے عہدے سے اسحاق ڈار کو نوازا گیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار اس لیے کمیٹیوں کے سربراہ بنے تاکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ناکام ہو جائیں ۔ میرا یہ اسحاق ڈار سے سوال ہے کہ کیا وہ حکومت میں ڈسٹربنس پیدا کرنے آئے ہیں یا پھر شہبازشریف وزارت عظمیٰ کیلئے اہل نہیں ہیں؟۔یاد رہے کہ اسحاق ڈار پاکستان کے چوتھے نائب وزیراعظم بن گئے ہیں۔ان سے قبل ذوالفقار علی بھٹو، نصرت بھٹو اور پرویزالہٰی بھی نائب وزیراعظم رہ چکے ہیں۔