پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمااور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی سوچ سیاسی نہیں، اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ملک پر مسلط ہونا چاہتی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر طےکرلیں کہ ہر ادارہ اپنے آئینی کردار تک محدود رہے تو مسائل حل ہوجائیں گے،یہ ہر چیز کا الزام ہم پر لگا رہے ہیں اور کہتے ہیں مذکرات ان کے ساتھ کریں گے۔ رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ان کا ہتھیار بنے اور یہ مسلط ہوجائیں۔
اسی پروگرام میں موجود پی ٹی آئی ترجمان رؤف حسن کا کہنا تھاکہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے سوا سال سے کمیٹی بنائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے لئے کل بھی تیار تھے، اور آج بھی تیار ہیں اور آئندہ بھی تیار رہیں گے، لیکن اب تک ہمیں کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ہمارا مینڈیٹ چرایا ہے، ان سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہونگے اس کے علاوہ دیگر جماعتوں کیساتھ ہم بات چیت کریں گے ۔