سابق بھارتی کرکٹراورآل راؤنڈر یوراج سنگھ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ٹی)ٹی 20ورلڈ کپ کی چار سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیشگوئی کردی۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ اس سال جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا، ورلڈ کپ کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے یوراج سنگھ کو ایمبیسڈر نامزد کیا ہے۔ یوراج سنگھ 2007 میں پاکستان کے خلاف پہلا ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم میں شامل تھے۔ آئی سی سی کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کے سوال و جواب کے سیشن کے دوران انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا، انگلینڈ ، بھارت، اور پاکستان کی ٹیمیں ٹی 20ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گی۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کی رونمائی:
دوسری جانب ٹی20 ورلڈکپ ٹرافی کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رونمائی کردی گئی ہے۔گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچویں ٹی20 میچ کے دوران اننگز بریک میں ٹرافی کو قذافی اسٹیڈیم کی سیر کرانے کیلیے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر موجود تھے۔ انہوں نے آٹو رکشہ پر چمچماتی ٹرافی کے ساتھ اسٹیڈیم کا چکر لگایا، اور تماشائیوں نے اس کا بھرپور استقبال کیا۔ ٹرافی نے لاہور سے پہلے اسلام آباد اور ایبٹ آباد کا ٹور بھی کیا تھا۔ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ یکم جون سے شروع ہوگا۔