صوبائی دارالحکومت پنجاب کے شہر لاہور میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس افسر موقع پر شہید ہو گیا۔
سب انسپکٹر ارشد کو گردن، چھاتی اور پیٹ میں تین گولیاں لگیں، پولیس حکام کے مطابق سب انسپکٹر ارشد اپنی ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس جارہا تھا کہ راستے میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے اس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ۔ دہشت گردی کا یہ واقعہ مصری شاہ کے علاقے میں پیش آیا۔ پولیس حکام کے مطابق شہید سب انسپکٹر ارشد لاہور کے باغبانپورہ انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھا۔ سب انسپکٹر پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کو ارشد پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ ایس پی سٹی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی ذیشان اصغر نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی سمیت ڈیٹا اینالسز اور جیو فینسنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہید سب انسپکٹر ارشد تھانہ باغبانپورہ انویسٹی گیشن میں اپنی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہا تھا۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے ۔ اس کے علاوہ لاہور کے تھا نہ شاہدرہ کی حدود میں نجی ہسپتال میں ڈکیتی کی واردات میں 6 ڈاکوؤں نے ہ سپتال عملے اور شہریوں کو یرغمال بنا کر لوٹ لیا۔ علاوہ ازیں تھانہ کاہنہ کے علاقے گجومتہ میں گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کرکے دو افراد کو موت کی ابدی نیند سلا دیا ۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن احمد زنیر چیمہ نے ایس ڈی پی او کاہنہ کو فوری ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔