تحریک انصاف کے اہم رہنمائوں کی پارٹی میں واپسی کا امکان، فواد چوہدری کی جلد عمران خان سے ملاقات متوقع۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری کی جلد تحریک انصاف میں واپسی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں فواد چوہدری کی اگلے ہفتے بانی چئیرمین سے ملاقات متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان بھی فواد چوہدری کو پارٹی میں واپس شامل کرنے پر رضامند ہیں جبکہ پارٹی قیادت کی جانب سے بھی فواد چوہدری کی واپسی کی حمایت کی گئی ہے۔یہ بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ فواد چوہدری کو تحریک انصاف میں اہم ذمہ داری بھی سونپی جائیگی۔
مزید پڑھیں: فواد چوہدری کو 9 مئی کے واقعات میں شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ
اس حوالے سے دیگر کئی رہنمائوں کی بھی پارٹی میں واپسی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ان رہنمائوں میں شیریں مزاری، صداقت عباسی، عمران اسماعیل، عثمان ڈاراور علی نواز اعوان شامل ہیں ۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار سمیع ابراہیم کا کہنا ہے کہ عمران خان کا پارٹی چھوڑنے والوں کے حوالے سے واضح موقف تھا کہ جن پر زبردستی تشدد کرکے اور دبائو ڈال کر پارٹی چھڑوائی گئی ان کی پارٹی میں واپسی ہوسکتی ہے۔ تاہم مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کو عام انتخابات میں ٹکٹ کی تقسیم کیلئے ترجیح دی جائیگی اور پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرنیوالوں کو کسی صورت پارٹی ٹکٹ نہیں دے گی۔ تاہم اب یہ مرحلہ گزر گیا ہے اور پارٹی نے اپنی سیاست بھی کرنی ہے تو اس لیے ضروری ہے کہ ان معاملات پر غور کیا جائے اور جو لوگ پارٹی میں واپس آنا چاہتے ہیں ان کے کیسز کو سن کر فیصلہ کیا جائے۔ تاہم پریس کانفرنسز کرنیوالے رہنمائوں کی پارٹی میں واپسی پر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ نہ چھوڑنے والے رہنمائوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے جنہوں نے مشکل وقت میں قربانیاں دی ہیں۔
مزید پڑھیں: حکومت عمران خان سے ہاتھ ملانے کو تیار، جیل سے بانی پی ٹی آئی کا جواب آگیا
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مشکل وقت میں چھوڑنے والے 90 فیصد رہنماؤں کے پی ٹی آئی میں واپسی کےلئے رابطے جاری ہیں۔ واپسی کےلئے پی ٹی آئی قیادت اور دوستوں کے ذریعے رابطے کئے گئے۔پارٹی چھوڑنے والے رہنماؤں نے واپسی کےلئے پی ٹی آئی میں ماحول سازگار بنانے کی درخواست کی ہے۔ پی ٹی آئی قیادت نے رہنماؤں کی واپسی کو بانی پی ٹی آئی کی اجازت سے مشروط کردیا۔ جبکہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی میں واپسی کےلئے پریس کانفرنس کرنے کا کہہ رکھا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے پریس کانفرنس میں ماضی میں پارٹی چھوڑنے کی وجوہات بتانے کا کہہ رکھا ہے۔ پی ٹی آئی قیادت پارٹی میں واپسی کےلئے رابطہ کرنے والوں سے متعلق بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کرے گی۔