قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے مجھے یقین ہے کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان آئر لینڈ کے خلاف سیریز سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ محمد رضوان پاکستانی ٹیم کے اہم رکن ہیں، ا ن کی کمی محسوس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز کو کوئی بڑی انجری نہیں ہوئی تاہم انہیں اگلے میچز میں آرام د یکر فٹنس بحال کرنا ترجیح ہے۔ بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ رضوان انجری سے نجات کے لئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ہی قیام کریں گے ۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان آخری ٹی 20میچ آج کھیلا جائیگا
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پانچواں اور آخری میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آپس میں ٹکرائیں گی ، میچ پاکستان وقت کے مطابق رات ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا، ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو سے برتری حاصل ہے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ۔ پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی، تیسرا اور چوتھا میچ نیوزی لینڈ کے نام رہا، قومی کرکٹ ٹیم کو سیریز برابر کرنے کے لئے آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم ہونے والا آخری میچ جیتنا ہو گا۔ تاہم بارش کے بھی امکانات ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔ دوسری جانب لاہور میں موسلادار بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے سیریز کے پانچویں ٹی20 میچ سے قبل نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن منسوخ کردیا گیا ۔ آج کا میچ بھی بارش کے باعث متاثر ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔ جس کے باعث یہ توقع کی جارہی ہے کہ بارش کئی اس میچ کے آڑے نہ آجائے۔بارش ہونے کی صورت میں سیریز نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے نام ہو گی ، اگر بارش نہ ہوئی تو پاکستان کو سیریز برابر کے چانس ہیں۔ یاد رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن شیڈول تھا لیکن بارش کی وجہ سے اسے منسوخ کردیا گیا۔