وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اب پولیس یونیفارم پہننے کے بعد ایلیٹ فورس کی وردی بھی پہنیں گی۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کیلئے ایلیٹ فورس نے سیاہ رنگ کی وردی تیار کروالی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف ایلیٹ فورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ میں ایک مرتبہ پھر وردی پہنیں گی۔ ان کیلئے ایلیٹ فورس نے سیاہ رنگ کی وردی بھی تیار کروالی ہے جبکہ محکمہ پولیس نے ایلیٹ فورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کے لیے تیاریاں مکمل کر لیں ہیں۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پولیس یونیفارم پہن کر شرکت کی تھی جسے اپوزیشن نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ حکومت نے مریم نواز کے اس عمل کو خواتین پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے درست اقدام قرار دیا تھا۔ پنجاب حکومت کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے اس تقریب کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ لیڈی ریکروٹ کورس اور لیڈی ٹریفک اسسٹنٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تھی۔
اسی حوالے سے پنجاب پولیس نے جمعرات کے روز اپنے ایکس ( ٹویٹر) اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ’پنجاب پولیس ڈریس ریگولیشنز‘ کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پولیس کی وردی پہننے کی اہل ہیں۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کی پولیس یونیفارم میں تصاویر اور ویڈیوز وائرل
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مریم نواز پر تنقید کرنیوالوں کو جوا ب دیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یونیفارم پہن کر پنجاب پولیس کی عزت میں اضافہ کیا۔انہوں نےایک بیان میں مریم نواز کے پولیس یونیفارم پہنے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹولہ تنقید کر رہا جن کا لیڈر اپنی بیٹی کو بھی تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں سربراہان مملکت یونیفارم پہن کر اپنی فورسز کی عزت و تکریم میں اضافہ کرتے ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی اپنے دورِ حکومت میں یہی کیا تھا، مریم نواز نے اس روایت کو برقرار رکھا۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کے اس عمل پر جلنے اور سڑنے کی ضرورت نہیں، انہوں نے پولیس کا یونیفارم پہن کر پنجاب پولیس کی عزت اور وقار میں اضافہ کیا۔