امریکی خلائی ادارے ناسا اور فن لینڈ کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نوکیا نے چاند پر فور جی سیلولر نیٹ ورک کا منصوبہ نصب کرنے کے لیے شراکت داری کر لی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیو یارک میں چاند پر فور جی انٹرنیٹ سروس کے لیے منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد چاند سمیت دیگر سیاروں پر انسانوں کے طویل المعیاد قیام کو ممکن بنانا ہے۔ جو اس سے پہلے ناممکن تھا ۔ اس منصوبے کی تنصیب کے لئے جلد کام شروع کر دیا جائے گا ۔ اور اس پراجیکٹ کی وجہ سے انسان چاند پر بھی فور جی سیلولر نیٹ ورک سے فائدہ اٹھا سکے گا ۔ اور انسان کو انٹر نیٹ سروس میں دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، فور جی سیلولر نیٹ ورک پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے تیاری شروع کر دی ہے۔ فور جی ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا ایک راکٹ رواں سال کسی وقت ایک سادہ 4 جی نیٹ ورک کو چاند پر پہنچائے گا۔
اس مشن میں موجود لینڈر 4 جی نیٹ ورک کو چاند کے قطب جنوبی میں نصب کرے گا جس کے بعد اسے زمین سے کنٹرول کیا جائے گا۔ امریکی خلائی ادارے ناسا کے اسپیس ٹیکنالوجی مشن ڈائریکٹوریٹ کے ڈپٹی ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر والٹ اینگلیونڈ کے مطابق پہلا چیلنج تو یہ ہے کہ مناسب حجم، وزن اور پاور سے لیس ایسا نیٹ ورک تیار کیا جائے جس سے انسانوں کے بغیر نصب کرنا ممکن ہو اور وہ چاند پر کام بھی کرتا رہے۔ واضح رہے اس 4 جی نیٹ ورک یونٹ کو فن لینڈ کی کمپنی کی لیبارٹری میں تیار کیا جا رہا ہے جو متعدد کمرشل ٹیکنالوجیز سے لیس ہوگا، یہ نیٹ ورک بہت زیادہ درجہ حرارت، ریڈی ایشن اور خلائی ماحول میں کام کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔