وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے ترسیلی نظام بالخصوص نیشنل ٹرانسمیشن و ڈسپیچ کمپنی( این ٹی ڈی سی )کی تنظیم نو کی اصولی منظوری د ے دی ۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے جائزے سے متعلق وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے ترسیلی نظام کے لئے اصلاحات و تنظیم نو کے اطلاق کو یقینی بنانے کے لئےکمیٹی بھی قائم کردی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کے ترسیلی نظام بالخصوص نیشنل ٹرانسمیشن و ڈسپیچ کمپنی( این ٹی ڈی سی ) کی اصلاحات و تنظیمِ نو کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اس حوالے سے سفارشات کو حتمی شکل دینے اور اصلاحات و تنظیمِ نو کے اطلاق کو یقینی بنانے کے لئے کمیٹی قائم کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف کی زیرِ صدارت بجلی کے شعبے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہو ا جس میں بجلی کے ترسیلی نظام اور تقسیم کار کمپنیوں کے حوالے سے بڑے فیصلے کئے گئے۔
انہوں نے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا نفاذ یقینی بنانے کیلئے وزیرِاعظم آفس میں سیل بھی قائم کردیا جو اس پورے عمل کی کڑی نگرانی کرے گا۔ شہباز شریف نے اپنے گزشتہ دورِ حکومت میں بجلی کی زیادہ کھپت والے پنکھوں کو کم بجلی استعمال کر نے والے پنکھوں سے تبدیل کرنے کے منصوبے کے حوالے سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔ وزیر اعظم نے کم بجلی خرچ کرنے والے پنکھوں کو کم آمدن والے صارفین کو فراہم کرنے کے لیے جامع پلان بھی طلب کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کو کم نرخوں پر بجلی فراہم کرنے کے لیے بھی ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ وہ ہر ماہ بجلی کے شعبے کی اصلاحات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس کی صدارت خود کریں گے۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صنعتی شعبے کے لیے سستی بجلی کا جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھانے کے لیے ہم صنعتوں کو کم لاگت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی محکموں میں مؤثر سزا اور جزاء کے نظام کے بغیر اصلاحات ممکن نہیں۔
اجلاس کو نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے مسائل اور اس کی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا اور مختلف تجاویز کے ساتھ ساتھ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی صورتحال، نقصانات اور ان کی نجکاری و آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے بھی سفارشات پیش کی گئیں۔ اجلاس کو ٹیرف ریشنالائیزیشن، صنعتوں و گھریلو صارفین کو فراہم کی جانے والی بجلی کے نرخوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے علاوہ دیگر استعمال کے لیے گیس کے بجائے بجلی استعمال کرنے کے حوالے سے مختلف لائحہ عمل پیش کئے گئے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے بریفنگ کی تعریف کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ منظور شدہ اصلاحات کا نفاذ معینہ مدت میں یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحٰق ڈار، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، سابق وزیرِ بجلی محمد علی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، ارکان قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، ا نجینئر قمر الاسلام، وزیرِ اعظم کے کوآرڈی نیٹررانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین نیپرا اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔