خیبرپختونخوا میں پابندی کے باوجود وزرا کی تنخواہوں، مراعات اور الائونس بل میں ترمیم کرکےاضافے کی سمری تیار کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق 1ہزار ارب روپے کی مقروض خیبرپختونخوا حکومت میں وزیروں اور مشیروں کی شاہ خرچیوں کیلئے ایک اور سمری تیار کر لی گئی۔ذرائع کے مطابق پابندی کے باوجود وزراء کی تنخواہوں، مراعات اور الائونس بل میں ترمیم کرکے اضافہ کیا جائے گا۔اس حوالے سےوزراء ،مشیر اور معاونین خصوصی مراعات بل کی سمری تیار کرکے ترمیم کیلئے متعلقہ محکمے کو ارسال کردی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق وزراء ،مشیر وں اور معاونین خصوصی کو دیے جانے والے ہائوس رینٹ، سبسڈی اورمرمت میں اضافہ کیا جائے گا۔دستاویز میں درخواست کی گئی کہ وزراء ،مشیر اور معاونین خصوصی کی رہائش کی تزئین و آرائش پر 5 لاکھ کی جگہ 10 لاکھ روپے خرچ کرنے کی اجازت دی جائے۔ جبکہ سرکاری گھر نہ ہونے کی صورت میں کرائے کے گھر کیلئے کرایہ 70 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے ماہانہ کیا جائے۔وزیروں،مشیر وںاور معاونین خصوصی کی ہائوس سبسڈی بھی 70 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کی جائے۔دستاویز کے مطابق رہائش کی تزئین و آرائش میں 5 لاکھ اور کرایہ میں 1 لاکھ 30 ہزار روپے کا اضافہ کرنے کی سمری تیار کی گئی ہے۔ بل میں ترمیم کرکے منظوری کیلئے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: میں ہر صوبے میں جاؤں گا دیکھتا ہوں مجھے کون روکتا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا حکومت کا موقف
تاہم اس حوالے سے خیبرپختونخواحکومت کا موقف ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ایسی سمریز تیار ہوتی رہتی ہیں ، جب سمری منظور ہوگی تو دیکھا جائیگا۔ مشیر اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخوا میں پہلے سے جاری کفایت شعاری مہم پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے اورنہ کسی وزیر، مشیراور معاون خصوصی و سیکرٹریز کو گاڑی خریدنے کی اجازت ہے۔