وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے شاہ زیب رند کو ملازمت اور 20 لاکھ روپے کیش ایوارڈ دینے کا اعلان کر دیا ۔
بھارتی فائٹر کو 20سکینڈ میں ناک آئوٹ کرنے والے فائٹر شاہ زیب رند کی وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات ہوئی ۔اس موقع پر بھارت کے خلاف مقابلہ جیتنے پر شاہ زیب رند کو مبارکباد پیش کی ۔ وزیراعلی بلوچستان نے پاکستانی فائٹر کو ملازمت اور 20 لاکھ روپے کیش ایوارڈ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شاہ زیب رند کی تربیت اور سفر کے اخراجات حکومت بلوچستان ادا کرے گی۔
سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مبارکباد :
سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی شاہزیب کو بھارت سے مقابلہ جیتنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ میں شاہزیب کو کراٹے کمبیٹ لیگ میں انڈیا کے خلاف زبردست میچ جیتنے ، قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر مبارکباد اور شاباش دیتا ہو۔انہوں نے یہ ثابت کیا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ آپ پر فخر ہے عزیز شاہزیب رند۔‘
خیال رہے کہ چند روز قبل دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ مقابلوں میں پاکستانی فائٹرز شازیب رند اور علی رضوان نے بھارتی حریفوں کو پہلے ہی راؤنڈز میں شکست دی تھی ۔ ایونٹ کا آغاز پر پہلے راؤنڈ میں پاکستان کے رضوان علی کا بھارت کے پون گپتا کا مقابلہ ہواتھا۔پاکستانی فائٹر نے باآسانی پہلے ہی راؤنڈ میں اپنے بھارتی حریف پون گپتا کو پہلے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا تھا، پاکستان کی بھارت پر 0-1 سے برتری کے بعد دوسرے راؤنڈ میں بھارت کے ہمانشو کوشک کا مقابلہ فیضان خان ہوا۔دوسرے راؤنڈ پاکستان کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا اور علومی کریم کی جگہ لڑنے والے فیضان خان بھارتی حریف سے ہار گئےتھے۔
بھارتی فائٹرز 20 سکینڈ میں ناک آئوٹ:
جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین میچ 1-1 سے برابر ہو گیا تھا، فیصلہ کن رائونڈ میں پاکستان کے شاہزیب رند کا مقابلہ بھارت کے رانا سنگھ سے ہوا۔میچ کے آغاز سے ہی شاہزیب رند کے مسلسل حملوں سے حریف کھلاڑی پیچھے ہٹتے رہے بالآخر پاکستانی فائٹر نے پہلے ہی رائونڈ میں بھارتی فائٹرز کو20 سکینڈ میں ناک آئوٹ کر کے مقابلہ جیت لیا تھا۔