وزیر اعظم شہباز شریف کا سندھ کو 150بسیں دینے کا اعلان

وزیر اعظم شہباز شریف کا سندھ کو 150بسیں دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے وفاق کی جانب سے سندھ کو نظر انداز کرنے کا شکوہ کیا۔

شہباز شریف نے مراد علی شاہ کی بریفنگ ملنے کے بعد 300 بسوں کے پول میں 150 بسیں سندھ کو دینے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے ارکان سمیت وفاقی وزیر احسن اقبال، خالد مقبول ، مصدق ملک، جام کمال اور عطااللہ تارڑ نے شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنی اور سندھ کے عوام کی جانب سے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کی کابینہ میں بھی سندھ کی نمائندگی زیادہ ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، جام کمال اور قیصر شیخ کراچی میں رہتے ہیں، خالد مقبول تو کراچی کے ہی ہیں، سمجھتا ہوں اب سندھ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بڑے مسائل جلد حل کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہباز شریف کو بریفنگ میں بتایا کہ 2022 کے سیلاب نے تباہی پھیلائی تھی، سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد تعمیر نو کا مرحلہ شروع ہوا اور اتفاق ہوا تھا 70فیصد فنڈ ڈونر ایجنسیز فراہم کریں گی، 30فیصد فنڈنگ وفاقی اور سندھ حکومت مہیا کریں گی، ڈونر ایجنسیز نے 557.79 ارب روپے د ئیے، سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر 50 کروڑ ڈالر کا پراجیکٹ ہے، سکولوں کی تعمیر کا پراجیکٹ 11ہزار917ملین روپے کا ہے۔ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کے سامنے شکوہ کیا کہ سندھ حکومت نے 25 ارب روپے جاری کئے، وفاق نے فنڈ نہیں د ئیے جبکہ گزشتہ 4 سال نئی سکیمز میں وفاق نے سندھ کو نظر انداز کیا،وزیراعلیٰ سندھ نے پریزنٹیشن کی مدد سے وزیراعظم کو مالی مسائل سے آگاہ کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ 24-2023 میں وفاقی حکومت نے سندھ کو 1078.198 بلین روپے دینے تھے، وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو 28 بلین روپے کم دیئے،وفاقی حکومت نے 1050.167 بلین دیئے ،24-2023 میں سندھ کا شیئراپریل تک 1092.419 بلین روپے بنتا ہے، ابھی تک سندھ کو 1009.559 بلین روپے موصول ہوئے ہیں جس میں 82.857 بلین روپے کم ہیں ،وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ کو سندھ کے وزیراعلیٰ سے بات کرکے مالی مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نےسندھ کے 31.977 بلین روپے ان پٹ ٹیکس ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں 2022 میں ایٹ سورس کاٹ لیے تھے، وفاقی حکومت نے ایف بی آر کو ہدایت دی کہ ایس آر بی سے بیٹھ کر مفاہمت کریں لیکن ایف بی آر ابھی تک مکمل تصفیہ نہیں کرپائی،وزیراعظم نے ایف بی آر کو ہدایت دی کہ وہ سندھ حکومت کیساتھ فوری ری کنسائل کریں،ایف بی آر نے 2016 میں سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے اکائونٹ سے ویتھ ہولڈنگ کی مد میں 5.427 بلین روپے کاٹ لیے،سندھ حکومت یہ کیس ایف بی آر سے جیت گئی ،کیس جیتنے کے باوجود بھی صرف 1بلین روپیہ واپس ملا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے ایف بی آر کے لئے ویلتھ ٹیکس وصول نہ کرنے کی دھمکی وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے ایف بی آر کیلئے ویلتھ ٹیکس وصول نہ کرنے کی دھمکی دی گئی ،مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایف بی آر سندھ حکومت کو 4 بلین روپے نہ دے لیکن اب سندھ حکومت ایف بی آر کی ویتھ ہولڈنگ ٹیکس کلکٹ نہیں کرے گی،اس پر وزیراعظم نے ایف بی آر چیئرمین کو سندھ کیساتھ فوری مسئلہ حل کرنے کی ہدایت دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سندھ حکومت ویتھ ہولڈنگ ٹیکس کی کلکشن بند نہ کرے سندھ کا مسئلہ حل کرتے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں 142467 ملین روپے کے پی پی پی موڈ کے 5 پراجیکٹس تیزی سے چل رہے ہیں،پی پی پی موڈ کے تحت 10 پراجیکٹس 62412 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہو گئے ہیں،10 پراجیکٹس جن کی مالیت 267000 بلین روپے ہے، ابھی شروع ہو رہے ہیں،وزیراعظم نے سندھ کو پی پی پی پراجیکٹ پر اس کی کارکردگی کو زبردست انداز سے سراہا،پی پی پی پراجیکٹ کی شروعات سندھ نے کامیابی سے کی ہے، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سراہنے کیلئےاجلاس میں تالیاں بجوائیں، وزیر اعظم نے سندھ کے کراچی میں ٹرانسپورٹس کی تعریف کی ، وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن کے اسرار پر وزیراعظم نے 300 بسوں کے پول میں 150 بسیں دینے کا اعلان کردیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں مل کر پاکستان کے مسائل حل کرنے ہوں گے، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی استحکام کا ہے، معاشی استحکام کیلئےوفاق اور صوبوں کو قریبی تعلق بناناپڑےگا، وزیراعلیٰ سندھ سے قریبی تعلق بن چکا ہے، وفاقی اور صوبائی وزراء آپس میں تعلقات قائم رکھیں،ملکی ترقی کیلئے بڑے فیصلے کرنے پڑیں گے، دیگرممالک کےوفود بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک دوسرےکاساتھ دینےسےترقی کی گاڑی آگےبڑھےگی، وزیراعلیٰ سندھ اور میں مل کر بھائیوں کی طرح کام کریں گے ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *