پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینئر وکیل سردار لطیف کھوسہ نےدعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ہفتے بانی پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان کی ضمانت ہوجائے گی ۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران پی ٹی آئی رہنما و سینئر وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ پیر کو بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سائفر کیس محض ایک کاغذ گم ہونےکا کیس ہے، کاغذ گم ہونے پر کبھی سزا نہیں ہوتی۔ سردار لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ عدت کیس میں بھی عمران خان اسی ہفتے بری ہوجائیں گے۔ دوسری طر ف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، لطیف کھوسہ کے دلائل مکمل ہو گئے جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر امجد پرویز عدالت میں پیش نہ ہوئے جبکہ نیب نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔ پراسیکیوٹر نیب نے بتایا کہ کیس مقرر ہونے سے متعلق معلوم نہیں ہو سکا اس لیے امجد پرویز نہیں آسکے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ضمانت کی درخواست ہے، ہر ہفتے آٹومیٹک مقرر ہوتی ہے، آج ہم بانی پی ٹی آئی کے وکیل کے دلائل سنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمانت کی درخواست پر آپ ایسے نہ کریں، تفتیشی افسر کہاں ہے؟ تفتیشی افسر کیوں موجود نہیں؟۔
کیا اس کے وارنٹ جاری کریں؟ بعد ازاں سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ این سی اے نے برطانیہ میں رقم منجمد کی جو معاہدے کے ذریعے پاکستان منتقل کی گئی، 190 ملین پاؤنڈز کی منجمد کردہ رقم معاہدے کے تحت سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی، ٹیکسز وغیرہ کاٹ کر 171 ملین پاؤنڈز کی رقم پاکستان بھیجی گئی۔